لاس اینجلس (جیوڈیسک) ہالی ووڈ کی ’’اسپیڈ ‘‘ فلم سے دنیا بھر میں شہرت پانے والی اور آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ ساندرہ بلک ایک بار پھر فلم ’’گریوٹی‘‘ کے ہیرو جارج کلونی کے ساتھ نئی فلم ’’اور برانڈ از کرائسس‘‘ میں جلوہ گر ہو رہی ہیں‘ یہ نئی فلم سیاسی موضوع پر بنائی جا رہی ہے۔
اس فلم کے ڈائریکٹر ڈیوڈ گورڈن گرین ہیں اور یہ نئی فلم 2005 میں بنائی جانے والی ڈاکومنٹری پر مبنی ہے اور اس فلم کو اسی ڈاکومنٹری نام ’’اور برانڈ از کرائسس ‘‘ سے بنایا جا رہا ہے جس میں امریکی سیاسی کمپین اسٹرٹیجی کو سائوتھ امریکا کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
50 سالہ اداکارہ ساندرا بلک اپنے ساتھی ہیرو جارج کلونی کے ساتھ اداکاری کے ساتھ ساتھ ایگزیکٹو پروڈیوسر کے فرائض بھی سرانجام دیں گی اور اس فلم کے لیے اداکارہ کے پروڈیوسر پارٹنر گرانٹ ہسلوف ہیں۔
ہالی ووڈ اداکارہ ان دنوں سونی پکچرز کے پراجیکٹ ’’ٹوپر ویئر ان سیلڈ ‘‘ میں مصروف ہیں۔ 90 کی دہائی میں فلموں میں قدم رکھنے والی آرلینڈ کی اس اداکارہ نے ہالی ووڈ کی کئی بلاک بسٹر فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
1993 میں کامیاب فلم ’’ڈیمولیشن مین ‘‘ میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اس کے بعد 1994 میں ’’اسپیڈ ‘‘ فلم پھر اگلے ہی برس 1995 میں ہالی ووڈ کی دو کامیاب فلموں میں کام کیا جن میں سے ایک’’دی نیٹ ‘‘ اور اس کے بعد ’’وائل یو ور سلیپنگ ‘‘ دنیا بھر میں مشہور ہوئیں‘ 1996 میں ’’اے ٹائم ٹو کل ‘‘ پھر 1998 ’’ہوپ فلوٹز‘‘ میں جلوہ گر ہوئیں۔
اس کے بعد ساندرہ بلک نے نئی صدری میں 2000ء میں ’’مس کونجینیالٹی ‘‘ میں کام کیا بعد ازاں 2002 میں ’’ٹو ویکس نوٹس ‘‘، 2004 میں ’’کریش ‘‘ پھر 2006 میں ’’دی لیک ہائوس ‘‘ اس کے بعد 2009 میں ’’دی بلائنڈ سائیڈ‘‘ اور اس کے بعد گزشتہ برس 2013 میں جارج کلونی کے ساتھ۔
بلاک بسٹر فلم ’’گریوٹی ‘‘ میں ایک مرتبہ پھر فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور اس کے ساتھ ساتھ ایک اور بلاک بسٹر فلم ’’دی ہیٹ ‘‘ میں بہترین اداکاری کر کے دنیا بھر سے اپنے مداحوں سے داد پائی۔