امریکی صدر اباما کی ملٹری کمانڈرز سے اہم ملاقات

Obama

Obama

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر باراک اباما نے ملٹری کمانڈرز سے اہم ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں افغانستان سے امریکی فوجوں کی واپسی اور افغانستان سے مجوزہ معاہدے پر غور کیا گیا۔

وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران افغانستان میں ایساف کے کمانڈر جنرل جوزف ڈنفورڈ، سیکریٹری دفاع چک ہیگل، اور چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، جنرل مارٹن ڈیمپسے موجود تھے، وائٹ ہاؤس ترجمان کے مطابق کمانڈرز سے ملاقات میں افغانستان کے ساتھ مجوزہ امریکی معاہدے کا جائزہ بھی لیا گیا۔

معاہدے کی صورت میں 10 ہزار سے زائد امریکی فوجی افغانستان میں موجود رہیں گے، جو افغان فورسز کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی تربیت فراہم کریں گے، تاہم افغان صدر حامد کرزئی نے اب تک اس معاہدے پر دستخط نہیں کئے ہیں، وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ افغان صدر کو اس بارے میں جلد کوئی فیصلہ کرنا ہو گا۔