واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور لندن کے پاکستانی نژاد مسلمان میئرصادق خان کے درمیان اکثر نوکا جھونکی لگی رہتی ہے اور دونوں ایک دوسرے کوطعن وملامت کرنے اور تنقید و تمسخرکا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔
حال ہی میں لندن کی پولیس کا ‘ٹویٹر’ اکاونٹ ہیک کیے جانے اور پولیس کی ای میل سروس تک ہیکروں کی رسائی کے بعد امریکی صدر صادق خان کی کمزوریاں تلاش کرنے کا ایک اور موقع مل گیا۔ انہوںنے صادق خان کا مذاق اڑانے کے لیے موقع غنیمت جانا اور ان پر بھرپور لفظی وار کیے ہیں۔ ایک ٹویٹ میں صدر ٹرمپ نے لکھا کہ ‘لندن پولیس کا ٹویٹر اکائونٹ اور ای میل پرسائبرحملے لندن کے ‘نالائق’ میئرصادق خان کے لیے پیغام ہے اس کے لیے اب کوئی جائے امان نہیں’۔
خیال رہے کہ لندن پولیس کے ٹویٹر اکاونٹ اور ای میل سروس پر سائبرحملے کا واقعہ جمعہ کی شام پیش آیا تھا۔ ہیکنگ کے بعد ہیکروں نے ٹویٹر پرپراسرار توہین آمیز پیغامات پوسٹ کیے اور مختلف ای میل آئی ڈیز پر پیغامات ارسال کیے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہیکر ای میل کے بیرون ملک سروس تک رسائی حاصل نہیں کرسکے ہیں
اس پر امریکی صدر نے مزید لکھا کہ ‘لندن کے میئرصادق خان کے ہوتے ہوئے کوئی سڑک اور گلی محلہ محفوظ نہیں’۔ صدر ٹرمپ نے یہ بات برطانوی صحافیہ کیٹی ھوبکنز کی اس ٹویٹ کے جواب میں لکھی جس میں انہوںنے کہا تھا کہ لندن پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کی سڑکیں اور گلیاں ان کے کنٹرول سے باہر ہوگئی ہیں۔ اب واضح ہو گیا کہ پولیس کا ٹویٹر اکاونٹ بھی ان کے کنٹرول سے باہر ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ لندن کے میئر صادق خان کو’ناکام میئر’ قرار دے چکے ہیں جب کہ صادق خان کہتےہیں ٹرمپ کی ذہنی سطح 11 سال کے بچے کی سوچ سے زیادہ نہیں۔ امریکی میں ایک ایسا شخص ملک کا صدر بنا ہوا ہے جس کی اپنی سوچ بچگانا ہے۔