ایران (جیوڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایرا ن کو امریکہ کی ضرورت نہیں لہذا تعلقات بحال کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
ایرانی پارلیمان کے سلامتی و خارجہ تعلقات کے کمیشن کے ارکان سے ملاقات کے بعد ظریف نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتےہوئے امریکہ کے ساتھ موجودہ کشیدگی کے بارے میں کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے ہم پر لگائی گئی پابندیاں اقتصادی دہشتگردی ہے جسے ختم کیا جائے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک طرف امریکی دباو پر مبنی پالیسیاں جاری ہیں تو دوسری طرف وہ ہم سے مذاکرات کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جو کہ رائے عامہ میں غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امریکہ سے پینگیں بڑھانے کی ضرورت نہیں ہے اور ہمارے لیے یہی کافی ہوگا کہ وہ دیگر ممالک سے بحال ہمارے تعلقات میں روڑے نہ اٹکائے ،ہمسایہ ممالک سے تعلقات میں فروغ ہماری خارجہ پالیسی کا اہم عنصر ہے جس کے تحت صدر روحانی جلد ہی علاقائی ممالک کا دورہ کریں گے۔
جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے دورہ ایران کے بارے میں ان کا کہنا تھا برلن حکومت کی طرف سے جوہری معاہدے کی پاسداری پر مبنی بیان خوش آئند ہے لیکن اس سلسلے میں زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ عملی اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے۔