امریکی گلوکارہ میڈونا نے کراچی میں سکول قائم کر دیا

Madonna School In Karachi

Madonna School In Karachi

کراچی (جیوڈیسک) امریکا کی معروف گلوکارہ میڈونا طویل عرصے سے دنیا بھر کے پسماندہ علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں جس کے لئے وہ اپنی این جی او رے آف لائٹ فاونڈیشن کے ذریعے پسماندہ علاقوں میں قائم سکولوں کے لئے عطیات بھی جمع کرتی ہیں۔

کراچی کے پسماندہ علاقے مواچھ گوٹھ میں واقع ڈریم ماڈل سٹریٹ سکول بھی اسی سلسلے کا ایک سکول ہے جس کی ترقی کے لئے میڈونا گزشتہ ایک سال سے کوشاں ہیں۔ این جی او کے تحت 2005ء سے مواچھ گوٹھ کے بچوں کو تعلیم دیتے اس سکول میں گزشتہ سال تک صرف چند ہی کمرے تھے لیکن گزشتہ سال اس سکول کی بانی حمیرا بچل سے گلوکارہ میڈونا کی ملاقات نے اس سکول کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ اب اس سکول میں چار منزلیں اور 28 کمرے ہیں۔طلباء سکول کی تعمیر اور ترقی سے خوش نظر آتے ہیں۔

لندن میں اپنے کنسرٹ کے دوران میڈونا نے اس سکول کی تعمیر و ترقی کے لئے دنیا بھر سے عطیات کی اپیل کی اور ایک سال کی انتھک محنت اور دنیا بھر سے عطیات ملنے کے بعد سکول کی تعمیر مکمل ہوئی۔ اس سکول کی تعمیر کے لئے دنیا بھر سے ساٹھ لاکھ پاکستانی روپے سے زائد کی رقم جمع کی گئی۔ سکول میں اب 1200 سے زائد بچے تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔ مواچھ گوٹھ کے رہائشی والدین بھی سکول کی تعمیر سے خوش ہیں اور مزید بچوں کے داخلے کے خواہشمند ہیں۔

سکول کی تعمیر مکمل ہونے پر میڈونا نے سوشل ویب سائٹ پر اپنے سٹیٹس کے ذریعے خوشی کا اظہار بھی کیا جس میں ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں محبت بھرا انقلاب جاری ہے اور 1200 طلباء کے لئے سکول کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔