واشنگٹن (جیوڈیسک) ریاست کے گورنر جے نکسن کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک اعلامیے کے مطابق عدالتی فیصلے کے بعد پرتشدد واقعات رونما ہونے کی صورت میں ریاست کے نیشنل گارڈز کو پولیس کی معاونت کے لئے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ریاست کے قصبے فرگوسن میں 9 اگست کو پیش آنے والے اس واقعے کے بعد کئی ہفتوں تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہا تھا جس کے دوران کئی پرتشدد واقعات پیش آئے تھے۔ اطلاعات ہیں کہ مقدمے کی سماعت کرنے والی جیوری پولیس اہلکار ڈیرن ولسن کو 18 سالہ مائیکل براون کے قتل کا ذمہ دار ٹہرانے یا بے گناہ قرار دینے کا فیصلہ آئندہ ہفتے سنا سکتی ہے۔
حکام کو اندیشہ ہے کہ اگر جیوری نے ملزم پولیس اہلکار کو بے گناہ قرار دیا تو فرگوسن اور ریاست کے دیگر سیاہ فام اکثریتی علاقوں میں پرتشدد احتجاج ہو سکتا ہے۔ مقدمے کی کارروائی تکمیل کی جانب بڑھنے کی خبریں ملنے کے بعد فرگوسن اور دیگر ملحق علاقوں میں مظاہروں کا سلسلہ گزشتہ ہفتے دوبارہ شروع ہو گیا تھا۔