نیوجرسی (جیوڈیسک) امریکا کی شمال مشرقی ریاستوں میں برفانی طوفان کے باعث کہیں نظام زندگی معطل ہے تو کہیں سیاح گھروں سے باہر برفباری انجوائے کر رہے ہیں۔
خراب موسم کے باعث نیویارک، میساچوسٹس، نیوجرسی، کنٹی کٹ اور بوسٹن میں 5 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ریاست میساچیوسٹس میں تیز ہواؤں اور برفانی طوفان کے باعث 16 ہزار 700 سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہیں۔
مختلف علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ ہے۔ سیکڑوں سکول اور سرکاری دفاتر کو بند کر دیا گیا ہے۔نیویارک میں برفباری سے بند ٹرین سروس کی بحالی کیلئے ریلوے لائنوں کی صفائی جاری ہے، نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو نے کہا ہے کہ یہ تاریخ کا بدترین برفانی طوفان ثابت ہوسکتا ہے تاہم وہ سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔
ادھر نیویارک کے چڑیا گھر میں برف میں سرخ پانڈہ کی شرارتیں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔ لوگ سیاحتی مقامات پر گھروں سے باہر برفباری انجوائے بھی کر رہے ہیں۔