پشاور (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (س) کے امیر اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے امریکا کو دفاعی سامان کی افغانستان منتقلی کے لیے فضائی سہولت فراہم کرنا افسوسناک ہے۔ مولانا سمیع الحق نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا اور مغربی طاقتوں کو سہولتیں دے کر افغانستان میں قیام امن اور جہادی قوتوں کی جدوجہد کو تباہ کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دفاع پاکستان کونسل نیٹو کی زمینی سپلائی کے خلاف احتجاج کرتی رہی ہے، فضائی سپلائی کی سہولت دینا افغانستان کے معاملات میں مداخلت ہے۔ مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ ایک طرف ہم مزاحمتی اور جہادی گروپوں سے مصالحت کی راہ ہموار کر رہے ہیں اور دوسری طرف امریکا کو مزید سہولتیں دے کر ہم اپنی محنت پر پانی پھیر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور نیٹو افغانستان سے سامان واپس لے جانے کے اعلانات کررہے ہیں اور دوسری جانب افغانستان میں جنگی سامان کا ڈھیر لگارہا ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے۔