لاہور (جیوڈیسک) سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا بھگتنے والے سابق قومی باؤلر محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی موجودہ باؤلنگ لائن اپ میں محمد عامر اچھے گیند باز ہیں تاہم وہ گیند کرواتے وقت کچھ غلطیاں کر جاتے ہیں۔
ایک ٹیلی وژن شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے محمد عامر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی 2010ء والی فارم میں واپس آ رہے ہیں لیکن کچھ غلطیاں اور خامیاں ایسی ہیں جو ان کی جانب سے مسلسل دہرائی جا رہی ہیں۔ سابق فاسٹ باؤلر نے بتایا کہ عامر وکٹ سے بہت باہر گیندیں کر وا رہا ہے۔ اگر ماضی میں اس کی گیند بازی دیکھی جائے تو وہ اس سے بالکل مختلف تھی۔
انہوں نے بتایا کہ محمد عامر ہمیشہ وکٹوں کے قریب گیندیں پھینکنے کی کوشش کرتا تھا، اگر وہ اپنی اس خامی پر قابو پا لیے تو دوبارہ کارآمد باؤلر بن سکتا ہے۔
محمد آصف نے کہا کہ عامر کا گیند بازی کرانے کے موجودہ سٹائل سے اس کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ٹیم انتظامیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انھیں ابھی تک محمد عامر کی یہ خامی کیوں نظر نہیں آ رہی۔