ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ میں ‘مسٹر پرفیکشنسٹ’ کے نام سے مشہور اداکار عامر خان کی فلم ‘ٹھگز آف ہندوستان’ بھارتی باکس آفس پر کچھ خاص بزنس نہیں کرسکی تھی اور اب اس فلم کو چین میں بھی ناکامی کا سامنا ہے۔
وجے کرشنا اچاریہ کی ہدایات میں بننے والی فلم ‘ٹھگز آف ہندوستان’ میں عامر خان اور امیتابھ بچن کے علاوہ کترینہ کیف اور فاطمہ ثناء شیخ بھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں۔
مداحوں کو اس فلم کا بے صبری سے انتظار تھا، لیکن 8 نومبر کو دیوالی کے موقع پر ریلیز ہونے والی اس فلم کو دیکھنے کے بعد ٹوئٹر صارفین کے تبصروں سے ایسا معلوم ہوا کہ وہ اسے ‘ہضم’ نہیں کر پائے۔
اس فلم کو حال ہی میں چین میں بھی ریلیز کیا گیا، لیکن یہ وہاں بھی کچھ خاص بزنس نہیں کرپائی۔
فلم تجزیہ کار ترن آدرش نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ، ‘ٹھگز آف ہندوستان کو چین میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور جمعے کو نمائش کے آغاز کے بعد سے اتوار تک تین دن میں یہ مجموعی طور پر 32 کروڑ بھارتی روپے (4.71 ملین ڈالر) کا بزنس کر پائی۔’
واضح رہے کہ عامر خان کی فلمیں ‘دنگل’ اور ‘سیکرٹ سپر اسٹار’ چینی باکس آفس پر ریکارڈ ساز کمائی کرچکی ہیں۔
یہ بھی بتاتے چلیں کہ بھارت میں ریلیز کے پہلے دن ‘ٹھگز آف ہندوستان’ نے 50 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا، جو کہ 2018 میں کسی بھی فلم کے پہلے دن کی سب سے زیادہ کمائی ہے، تاہم بعد میں یہ فلم باکس آفس پر کچھ بہت زیادہ کمال نہیں دکھا سکی اور اس نے مجموعی طور پر 151 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا۔