ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی نئی فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ کے لیے نئے روپ نے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا۔ عامر خان ہر فلم میں کچھ نیا کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور ان کی ہر فلم کی کہانی الگ اور متاثر کن ہوتی ہے جب کہ وہ ہر فلم کے لیے مختلف اور حیران کن روپ اختیار کرتے ہیں اسی لیے انہیں بالی ووڈ کا مسٹر پرفیکشنسٹ کہا جاتا ہے اور یہی ان کی کامیابی کا راز ہے۔
بالی ووڈ کی کامیاب ترین فلم ’’دنگل‘‘ میں عامر خان نے ناقابل یقین حد تک اپنا وزن بڑھایا اور 95 کلو وزن کے بعد انہیں صحت کے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا مگر وہ پیچھے نہ ہٹے، پھر صرف ایک سین کیلیے عامر خان نے واپس اپنا وزن کم بھی کیا، یہی وجہ ہے کہ اپنے اسٹار کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے مداحوں کا سلسلہ نہ صرف ہندوستان بلکہ چین میں بھی ایسا قائم ہوا کہ فلم چین میں 1000 جب کہ مجموعی طور پر 2000 کروڑ کرنے والے پہلی بھارتی فلم بن گئی۔
عامر خان نئی فلم میں پہلی بار بالی ووڈ کی لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائیں گے اور مسٹر پرفیکشنسٹ فلم کا 70 فیصد معاوضہ وصول کریں گے جو بالی ووڈ کی تاریخ کا سب سے بڑا معاہدہ ہے یہی وجہ ہے کہ ’’ٹھک آف ہندوستان‘‘ توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور مداح فلم کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔
اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ’’ٹھک آف ہندوستان‘‘ کیلیے اپنے نئی روپ کی تصویر پوسٹ کی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جب کہ نئے روپ میں آنے کے لیے عامر خان کو کئی تکلیف دہ مراحل سے گزرنا پڑا کیوں کہ تصویر میں ادکار نے اپنے کان اور ناک چھدوائے ہوئے ہیں۔