اسلام آباد (جیوڈیسک) عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان نے کہا کہ سانحہ پشاور درد ناک واقعہ ہے ۔ نوجوان نسل کی تربیت کر کے دنیا کو بتانا ہوگا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے ۔ عامر خان نے اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں باکسنگ اکیڈمی کے قیام کا بھی اعلان کر دیا ۔
سانحہ پشاورکبھی بھلایا نہیں جا سکتا ، دنیا کو دکھانا ہوگا پاکستان پرامن ملک ہے ۔ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان 26 دسمبر کو اسلام آباد میں شہدائے پشاور کے نام سے ٹریننگ سیشن کا انعقاد کریں گے جبکہ دو ہفتوں میں اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی ۔ اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو کھیلوں میں آگے لانا ہوگا ۔ خواتین کے حوالے سے عامر خان کا کہنا تھا کہ اکیڈمی اور فٹنس کلب میں ان کی ٹریننگ کا بھی بندوبست کیا جائے گا ۔