ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے نئی آنے والی فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔ فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ بڑے بجٹ سے بننے والی فلموں کی فہرست میں شامل ہے۔
بھارتی میڈیا میں ان دنوں عامر خان کی نئی فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ کے چرچے ہیں جس کی اصل وجہ فلم میں عامر خان کے مختلف کردار ہیں اور اداکار کا منفرد روپ سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ 250 کروڑ روپے کے بڑے بجٹ سے بننے والی فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ کا ٹیزر جاری کیا جس میں فلم کے کرداروں سے متعلق بتایا گیا جب کہ ساتھ ہی عامر خان نے لکھا کہ فلم بہت جلد آرہی ہے جوکہ 8 نومبر کو دیوالی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔
واضح رہے کہ فلم’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ کی کہانی میڈوز ٹیلر کے 1839میں شائع ہونے والے ناول ’’کنفیشن آف ٹھگ‘‘ پر مبنی ہے جس میں عامر خان خان’’امیر علی‘‘نام کے ٹھگ کا کردار نبھارہے ہیں جب کہ اُن کے ہمراہ امیتابھ بچن کے علاوہ اداکارہ کترینہ کیف، فاطمہ ثنا شیخ اور رونت رائے شامل ہیں۔