ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ اسٹار عامر خان کی فلم ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ نے چینی باکس آفس پر ’دنگل‘ کو پچھاڑ دیا۔ عامر خان کو بالی وڈ باکس آفس کا کنگ کہا جاتا ہے کیوں کہ ان کی فلمیں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلمیں ہوتی ہیں۔
مسٹر پرفیکشنسٹ کی 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دنگل‘ بالی وڈ کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ہے جس نے بھارتی باکس آفس پر 380 کروڑ روپے اور چینی باکس آفس پر ایک ہزار کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی تھی۔
اب عامر خان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ نے بھارت میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد چینی باکس آفس پر دھوم مچادی ہے۔
’سیکرٹ سپر اسٹار‘ نے چینی باکس آفس پر پہلے روز کمائی میں ’دنگل‘ کو پچھاڑ دیا ہے اور فلم نے پہلے ہی روز 43 کروڑ 35 لاکھ بھارتی روپے کی کمائی کی ہے۔ یاد رہے کہ فلم ’دنگل‘ نے پہلے روز چینی باکس آفس پر 15 کروڑ کی کمائی کی تھی۔
فلم ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ کی شاندار کمائی کے بعد فلمی پنڈتوں نے چینی باکس آفس پر فلم کی کمائی کے ریکارڈ بننے کی پیش گوئی کی ہے۔
فلم ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ کم بجٹ کی فلم ہے جو عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بنی ہے جب کہ اس فلم میں عامر خان کا کردار مختصر ہے۔