کراچی (جیوڈیسک) پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال نے الزام لگایا ہے کہ کراچی میں زبردست دھاندلی ہوئی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ صرف عامر لیاقت اور فیصل واوڈا والے حلقے کھول دیں سب پتا چل جائے گا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ کیسا الیکشن تھا جس میں ڈیرہ بگٹی اور افغان بارڈر کے قریب سے تو رزلٹ آ گئے مگر کراچی کا نتیجہ دو روز بعد بھی سامنے نہ آیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عمران خان حکومت نہیں چلا سکیں گے، ان کے ساتھ زیادتی کردی گئی۔
مصطفیٰ کمال نے ایک لطیفے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان میں ایسا بارود بھرا گیا کہ وہ جنت سے بھی آگے نکل گئے‘۔
خیال رہے کہ الیکشن 2018 میں پاک سرزمین پارٹی قومی یا صوبائی اسمبلی کی ایک بھی نشست جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی ہے۔