کراچی (جیوڈیسک) معروف اینکر پرسن عامر لیاقت حسین نے پاکستان تحریکِ انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے، عمران خان کی جانب سے انھیں پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا گیا ہے۔
کراچی میں عامر لیاقت اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریکِ اںصاف کا سٹیٹس کو کی جماعتوں سے مقابلہ ہے، تحریکِ انصاف کراچی میں بھی تبدیلی لے کر آئے گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کے عوام تحریکِ انصاف کو موقع دیں۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف پورے پنجاب کا بجٹ صرف ایک شہر پر لگا دیتے ہیں، پنجاب کا زیادہ تر بجٹ لاہور پر خرچ ہوتا ہے اور سارا سرمایہ سڑکوں پر لگایا جا رہا ہے، جبکہ دوسری جانب جنوبی پنجاب میں گزشتہ 30 سالوں سے ایک ہسپتال تک قائم نہیں کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ میں نے پی ٹی آئی میں آنے میں دیر کر دی لیکن اب یہی جماعت میںرا آخری ٹھکانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تحریکِ انصاف میں نہیں بلکہ پاکستان کو جوائن کیا ہے کیونکہ عمران خان کرپشن مافیا کیخلاف کھڑے ہیں، میں اس جنگ میں ان کے شانہ بشانہ ان کا ساتھ دوں گا۔
یاد رہے کہ کچھ دن قبل پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عامر لیاقت کی شمولیت کے فیصلے میں عمران خان کا کوئی عمل دخل نہیں، پارٹی کی خواہش ہے کہ انھیں پی ٹی آئی میں ہونا چاہیے۔ عامر لیاقت کو کراچی سے ٹکٹ دینے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا تھا کہ عامر لیاقت نے غیر مشروط طور پر پارٹی کا حصہ بننے کی رضامندی ظاہر کی ہے لہذا کسی بھی حلقے کا ٹکٹ دینے کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔