امیر مقام پر حملے کا مقدمہ تحریک طالبان سوات کیخلاف درج

Amir Muqam

Amir Muqam

مارتونگ (جیوڈیسک) وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام پر شانگلہ میں حملے کا مقدمہ کالعدم تحریک طالبان سوات کے خلاف درج کر لیا گیا، حملے میں ملوث ملزموں کا تعلق بلگرام کے علاقے سے ہے۔

امیر مقام پر حملے کا مقدمہ تھانہ مارتونگ کے ایس ایچ او سرزمین خان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں کالعدم تحریک طالبان سوات کے زین العابدین، حمید اور عمرخان کو نامزد کیا گیا ہے جن کا تعلق بلگرام سے ہے۔

ملزم دہشت گردی کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب ہیں۔ امیر مقام کے قافلے پر گزشتہ روز حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ اپنے ساتھیوں اور سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ ایک جرگے میں شرکت کے بعد مارتونگ سے واپس آ رہے تھے۔

حملے میں امیر مقام محفوظ رہے تاہم سیکورٹی پر مامور چھ پولیس اہلکاروں سمیت ان کے دو ذاتی محافظ جاں بحق ہو گئے تھے۔