راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور مرکزی مجلس عاملہ کے رکن انجینئر افتخار چودھری نے بیان میں امیر مقام کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا انہوں نے کہا کسی بھی شخص کاچاپلوسی کی آخری حدیں کراس کرنا اچھا نہیں امیر مقام مشرف کے بعد میاں صاحب کی خوش آمد میں اپنے مقام سے گر چکے ہیں۔
ہزارہ کے لوگ جانتے ہیں کہ ان پر انہیں مسلط کیا گیا ہے اور ہزارہ کے صابر شاہ کو ہٹا کر انہیں زبردستی بٹھایا گیا ہے یہ لوگ پہلے ہی صوبے کا نام بدلنے پر مسلم لیگ نون سے نالاں ہیں۔انجینئر افتخار کا کہنا تھا کہ آئیندہ انتحابات میں ایک بار پھر نون کو جنون ہرائے گا اور کے پی کے میں تحریک انصاف کی حکومت زیادہ مضبوط بنے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کی مرکزی مجلس عاملہ کا رکن بننے کے بعد اپنے آبائی گائوں نلہ یو سی جبری میں لوگوں سے ملاقات میں کیا۔ان کا کہنا تھاکہ نون لیگ نے ہزارہ کو کچھ نہیں دیا ۔ان کا کہنا تھا نون لیگ نے چھوڑو گروپ بنا رکھا ہے جو موقع کے لحاظ سے لمبی لمبی چھوڑتا ہے ان میں امیر مقام بھی ایک نچلے مقام پر بیٹھے ہیں۔یہ اس گروپ کے بارہویں کھلاڑی ہیں۔