لاہور (جیوڈیسک) فاسٹ بولر محمد آصف نے کہا ہے کہ زیرو سے ہیرو بننے کا موقع آ گیا، لارڈز میں رسوائی مقدر بنی، وہیں اچھی کاردگی عزت افزائی کا ذریعہ بن سکتی ہے.
تفصیلات کے مطابق ایک ماہ سے اوسلو میں ٹریننگ کرنے والے محمد آصف نے ٹیسٹ کرکٹ میں کم بیک کرنے والے محمد عامر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، ’’ایکسپریس‘‘سے فون پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دورہ انگلینڈ پیسر کے کیریئر کا اہم سنگ میل ثابت ہوسکتا ہے، برطانوی تماشائی کھیل سے محبت کرتے ہیں، یہ بات محمد عامر کے حق میں ہوگی۔
اسٹیڈیم میں مٹھی بھرلوگوں کی جانب سے تنقید کاسامنا ضرور کرنا پڑسکتا ہے لیکن کسی رد عمل کا اظہار کرنے کے بجائے انھیں صرف کھیل پر توجہ مرکوز رکھنا ہوگی، پاکستانی بولرز خاص طور پر عامر بہترین پرفارمنس دکھانے کی اہلیت رکھتے ہیں، پیسر کی سوئنگ کوکھیلنا آسان نہیں ہوگا، میری تمام ہمدردیاں اور نیک خواہشات عامر کے ساتھ ہیں۔ بطورکپتان مصباح الحق کیلیے بھی ٹور بہت اہمیت رکھتا ہے، قومی ٹیم کی انگلینڈ کیخلاف اچھی کارکردگی کیلیے دعاگو ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں محمد آصف کا کہنا تھاکہ پی ایس ایل کا پہلا ایڈیشن بہت کامیاب رہا، افسوس ہے کہ اس کا حصہ نہیں بن پایا، تاہم دوسرے ایڈیشن میں موقع ملنے کا منتظر ہوں، پی سی بی کو دستیابی ظاہر کردی، قومی ون ڈے کپ میں شرکت سے اعتماد میں اضافہ ہوا تھا، کسی بھی پیسر کیلیے فٹنس بہت اہمیت رکھتی ہے جس کیلیے سخت محنت کررہا ہوں، اوسلومیں ٹریننگ کی بہت اچھی سہولیات ہیں، میچز بھی کھیل رہاہوں، 28 اگست سے شروع ہونے والے قومی ٹوئنٹی20 ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی سے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنا چاہتا ہوں، قومی ٹیم میں واپسی کیلیے پر عزم ہوں۔