ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کے باڈی گارڈ جتیندر رشندے کو مبینہ رشوت لینے پر پولیس کی ملازمت سے ہاتھ دھونے پڑ گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جیتندر ممبئی پولیس کا اہلکار ہے، جو 2021 سے بالی ووڈ اداکار کی سیکیورٹی پر مامور تھا، اس ایک سال کے دوران اُس کی سالانہ آمدنی ڈیڑھ کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔
پولیس اہلکار کی آمدنی میں اضافے اور شاہانہ زندگی کو دیکھتے ہوئے اعلیٰ افسران نے اُس کے خلاف تحقیقات کیں اور اُسے سروسز ، قانون کی خلاف ورزی پر ملازمت سے برطرف کردیا۔
جیتندر نے خود بھی پولیس کی جانب سے برطرفی کے آرڈر موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اُسے منگل کے روز تحقیقاتی ڈیپارٹمنٹ نے طلب کیا اور ممبئی پولیس کے پروٹیکشن اینڈ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیا۔
ممبئی پولیس کے ایڈیشنل کمشنر دلیپ ساؤنت نے کہا کہ جیتندر نے ممبئی کے مہنگے علاقے میں بنگلے بھی خریدے، جو ایک اہلکار اپنی تنخواہ سے کبھی خرید نہیں سکتا۔
انہوں نے بتایا کہ جیتندر اپنے افسران کو اطلاع دیے بغیر خاموشی سے چار بار دبئی اور سنگاپور تفریح کی غرض سے گیا، اس کے علاوہ اُس نے دیگر ممالک کے بھی دورے کیے۔ علاوہ ازیں جیتندر نے اپنی اہلیہ کے نام پر سیکیورٹی ایجنسی کھولی اور بچن خاندان کے دیگر افراد کو محافظ فراہم کر کے رقم اہلیہ کے اکاؤنٹ میں جمع کروائی جبکہ بچن خاندان سے تعلقات کی بنیاد پر اُس نے کئی لوگوں سے رشوت کی رقم بھی حاصل کی۔