ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ میں اپنے کردار کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ ’میری عمر ایسی نہیں کہ ایکشن سین فلمبند کراؤں تاہم ہدایت کار کے کہنے پر ایسا کرنا پڑا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے بتایا کہ فلم کے دوران جسم کا کوئی ایسا حصہ نہیں تھا جو زخمی نہ ہوا ہو اور انہی زخموں کی وجہ سے کوئی ڈاکٹر ایسا نہ تھا جس کے پاس مجھے نہ لے جایا گیا ہو۔
امیتابھ نے بارش میں عکس بندی کے حوالے سے بتایا کہ ’مجھے اس فلم میں ایسا لباس پہنایا گیا جوکہ دھات سے بھرپور تھا جسے سپاہی عموماً دوران جنگ حفاظت کے لیے پہنتے ہیں اور میرا یہ لباس انتہائی بھاری بھرکم اور 30 سے 40 کلو وزنی تھا اور اوپر سے تلوار، پگڑی اور لمبے بال اور ان تمام چیزوں کے ساتھ مجھے تیار ہونے میں تین گھنٹے لگتے تھے، بارش میں سین عکس بند کرانا میرے لیے بہت ہی مشکل مرحلہ ہوتا تھا کیوں کہ بارش میں لباس مزید بھاری ہوجاتا ہے۔
بگ بی نے کہا کہ دور حاضر کی ٹیکنالوجی کی وجہ سے کام آسان ہوجانا صرف ایک سوچ ہے درحقیقت ہمیں آج بھی پہلے کی طرح سخت محنت کرنا پڑتی ہے تاہم اس ٹیکنالوجی کی وجہ سے بہت سی پیش رفت ہوئی ہے ورنہ پہلے بڑی جگہ کا انتخاب کرنا ہوتا تھا اور پھر شوٹنگ بھی فوری فوری کرنی پڑتی تھی۔
واضح رہے کہ فلم ’’ٹھگس آف ہندوستان‘‘ میں عامر خان ’’امیر علی‘‘ ، امیتابھ بچن ’’خدا بخش‘‘، اداکارہ کترینہ کیف ’’ثریا‘‘ اور فاطمہ ثنا شیخ ظفیرا کا کردار ادا کر رہی ہیں یہ فلم 8 نومبر کو دیوالی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔