ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان انڈین پریمئیر لیگ کی ایک فرنچائز کے مالک ہیں لیکن اب انہوں نے بھارتی فلم نگری کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کرکٹ کمنٹری کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔
شاہ رخ خان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ہر وہ کام کرتے ہیں جو امیتابھ بچن نے کیا ہو چاہے وہ ٹی وی پروگرام کی میزبانی ہو، بگ بی کی بلاک بسٹر فلم ڈان میں کام کرنا ہو یا پھر کسی اشتہار میں کام کرنا ہو۔
اب گزشتہ برس ورلڈ کپ کے دوران میں امیتابھ بچن نے بھارت کے مقابلوں میں کمنٹری کی تھی اور اب بھی وہ اہم میچز میں کمنٹری کرتے ہیں تو پھر شاہ رخ خان کہاں پیچھے رہنے والے تھے۔ انہوں نے بھی اس میدان میں قدم رکھ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بدھ کو بنگلورو میں بنگلا دیش اور بھارت کے درمیان مقابلہ ہونا ہے جب کہ شاہ رخ خان اپنی فلم ’’رئیس‘‘ کی شوٹنگ کے لیے ممبئی میں موجود ہی جہاں سے ایک نجی اسپورٹس چینل ہندی میں کمنٹری نشر کرتا ہے۔
شاہ رخ خان اس کا فائدہ اٹھائیں گے اور میچ کے آغاز میں کمنٹری کریں گے جب کہ پاکستان کے اسپیڈ اسٹار راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر اور بھارتی ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو ان کا ساتھ نبھائیں گے۔