ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ سپر اسٹار اور کوئز شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے میزبان امیتابھ بچن نے اپنے پروگرام میں اداکارہ انوشکا شرما کو ان کے شوہر ویرات کوہلی کے حوالے سے مذاق کا نشانہ بنا ڈالا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انوشکا شرما اپنی نئی فلم سوئی دھاگہ کی تشہیر کے لئے ساتھی اداکار ورون دھون کے ہمراہ ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ میں شریک تھیں۔ انوشکا کے ہمراہ ہاٹ سیٹ پر ایک خاتون براجمان تھیں۔ امیتابھ بچن کی جانب سے پوچھنے پر خاتون نے کہا کہ کرکٹ دیکھنے کا ٹائم نہیں، جس پر امیتابھ بچن نے کہا کہ انوشکا تو دیکھتی ہیں۔
انوشکا نے خاتون کو بتایا کہ ان کے شوہر (ویرات کوہلی) کرکٹ کھیلتے ہیں، ان کو دیکھنے کے لیے ٹی وی پر کھیل بھی دیکھ لیتی ہوں، جس پر امیتابھ بچن نے پوچھا کہ کیا وہ صرف ویرات کو ہی دیکھنے کے لیے کرکٹ میچ دیکھتی ہیں؟ جس پر وہ جھینپ کر کہنے لگیں کہ نہیں، ملک کے لیے بھی دیکھتی ہوں۔ انوشکا کے جواب پر امیتابھ نے معنی خیز انداز میں کہا کہ میچ میں جو کچھ ہورہا ہوتا ہے وہ سب ہم بھی ٹی وی پر دیکھ رہے ہوتے ہیں۔