ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی حالیہ پوسٹ نے مداحوں کو پریشان کر دیا۔
بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن جو سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتے ہیں اور وقتاً فوقتاً مداحوں سے رابطہ بھی قائم رکھتے ہوئے ان سے سوال جواب بھی کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے حوالے سے معلومات بھی فراہم کرتے ہیں لیکن ان کی حالیہ پوسٹ نے مداحوں کو فکر مند اور پریشان کردیا۔
لیجنڈی اداکار امیتابھ بچن نے اپنے حالیہ بلاگ پوسٹ میں صرف اتنا لکھا کہ’’طبی حالت‘‘، ’’سرجری‘‘، مزید نہیں لکھ سکتا۔ بگ بی کے ان دو الفاظ سے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور وہ ان سے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر مختلف سوالات پوچھنے لگے۔
امیتابھ بچن کی پوسٹ سے یہ واضح نہیں ہوا کہ ان کی کون سی سرجری ہونے جارہی ہے یا پھر وہ سرجری کرواچکے ہیں اور اب ان کی طبیعت سنبھل نہیں رہی، مداحوں نے بھی ان سے اسی طرح کے مختلف سوالات پوچھے تاہم لیجنڈی اداکارکی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
البتہ امیتابھ بچن نے فوٹوشیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک نئی تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے ہاتھ سے چہرے کو چھپا رکھا ہے تاہم کیپشن میں انہوں نے کچھ لکھنے کے بجائے صرف سوالیہ نشانات پوسٹ کیے۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ شاید ان کے چہرے کی کوئی سرجری ہوئی ہے۔
واضح رہے چند ہفتے قبل لیجنڈری ادکار سمیت بچن خاندان کے دیگر لوگ کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے تھے جن میں ان کی بیٹا ابھیشیک ، بہو ایشوریا رائے اور پوتی ارادھیا بچن شامل ہیں جو کچھ عرصہ قرنطینہ میں رہنے کے بعد صحتیاب ہو گئے تھے۔