پالیکے (جیوڈیسک) پالیکے میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو 87 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر لی۔
جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 38.1 اوورز میں 180 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ نے 11 چوکوں کی مدد سے مسلسل دوسری سنچری بنائی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔
اے بی ڈویلیئرنے تین چوکوں کی مدد سے 29 رنز بنائے۔ ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ جنوبی افریقہ کے دیگر بلے باز سری لنکا کی عمدہ بولنگ کا مقابلہ نہ کر سکے۔ سری لنکا کی جانب سے لستھ ملنگا نے چار اور دلشان نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
اس سے پہلے سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42.2 اوورز میں 267 رنز بنائے۔ دلشان نے نو چوکوں کی مدد سے 86 اور جے وردھنے نے ایک چوکے کی مدد سے 48 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے میکلارن نے چار، فلینڈر اور عمران طاہر نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 12 جولائی کوکھیلا جائے گا۔