آمنہ الیاس کا سیب کے بجائے لڑکے کو لات مارنے کی ویڈیو پر وضاحت

Amna Ilyas

Amna Ilyas

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) اداکارہ آمنہ الیاس نے ویڈیو میں لڑکے کے سر پر رکھے سیب کے بجائے نوجوان کو لات مارنے کی ویڈیو پر وضاحت دے دی۔

چند روز قبل نامور پاکستانی ماڈل واداکارہ آمنہ الیاس نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ ایک نوجوان کے سر پر سیب رکھ کر اسے لات مارنے کی کوشش کرتی دکھائی دے رہی ہیں تاہم وہ سیب کے بجائے نوجوان کے منہ پر لات ماردیتی ہیں۔

ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اداکارہ آمنہ الیاس نے کیپشن میں لکھا ’’اس ویڈیو کو بناتے ہوئے کسی کی دل آزاری نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی قسم کا نقصان پہنچا ہے ‘‘ تاہم سوشل میڈیا صارفین اور شوبز شخصیات کی جانب سے اداکارہ کی اس حرکت پر شدید تنقید کی گئی جس پر آمنہ الیاس نے وضاحتی ویڈیو جاری کردی۔

گزشتہ روز آمنہ الیاس کے انسٹاگرام پر جاری کی گئی ویڈیو میں وہ نوجوان خود موجود تھا جسے سوشل میڈیا صارفین اداکارہ کا ملازم قرار دے رہے تھے۔ ویڈیو کے کیپشن میں ماڈل نے لکھا ’’میرے تمام پسندیدہ مداحوں کے لیے، اور ہاں ملیے نائجل سے جو میرا ملازم نہیں بلکہ میرا بھانجا اور اداکار ہے‘‘۔

ویڈیو میں اداکارہ کے بھانجے نائجل نے کہا مجھے افسوس اس بات پر ہوا کہ آپ سب نے صرف میری رنگت دیکھ کر مجھے ملازم کہا، میں اداکارہ کا کزن، بھانجا یا بھائی کیوں نہیں ہوسکتا، یعنی اگر کسی کی رنگت کالی ہے تو وہ غریب ملازم ہی ہوگا، اور جب ویڈیو بنانے میں مجھے کوئی تکلیف نہیں ہوئی تو آپ لوگوں کو کیوں ہورہی ہے۔

نائجل نے ازراہ مذاق کہا ’’پچھلے ایک ہفتے میں جتنی توجہ آپ لوگوں نے مجھے دی ہے اس کے بجائے اگر آپ لوگ مجھے تھوڑے پیسے دے دیتے تو میرا بھی کچھ فائدہ ہوجاتا‘‘۔ اگر مجھے پیسے نہیں بھی دیتے تو مجھے کام دو، فلم میں لو، لانچ کرو اور ہاں مدد کی ضرورت مجھے نہیں آپ لوگوں کو ہے۔

ویڈیو میں اداکارہ آمنہ الیاس نے کہا کہ دنیا بھر میں اداکار تھپڑ یا لات مارنے کی پریکٹس کرتے ہیں اور کبھی کبھار فلم میں یہ حقیقت میں مارا جاتا ہے اور کبھی صرف کیمرے کی مدد سے دکھایا جاتا ہے لیکن یہ آپ لوگوں کو سمجھ نہیں آئے گا، جہاں تک سیب کی بات ہے تو میں یہ تسلیم کرتی ہوں کہ رزق کی بے حرمتی نہیں کرنی چاہیے اور میں اس پر معافی مانگتی ہوں۔