اسلام آباد (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے بارے میں جانبدارانہ اور متعصبانہ رپورٹ کے خلاف جمعہ کو ایم کیوایم یو کے کی جانب سے لندن میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ہیڈکوارٹرکے سامنے ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں ذمہ داروں، کارکنوں، ہمدر دنوجوانوں، بزرگوں، خواتین اوربچوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹرفاروق ستار، طارق جاوید، سینیٹربابرغوری، محمد اشفاق، مصطفےٰ عزیزآبادی، رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہارالحسن، یوکے کے آرگنائزرڈاکٹرسلیم دانش اوردیگرعہدیداران بھی شریک تھے۔
مظاہرین اپنے ہاتھوں میں ایم کیوایم اور پاکستان کے پرچم اور الطاف حسین کے پورٹریٹ اور پلے کارڈزاٹھائے ہوئے تھے۔ مظاہرین ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانبدارانہ رپورٹ کے خلاف مسلسل نعرہ لگاتے رہے۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے رہنماوٴں نے مظاہرین سے خطاب کیااور میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو بھی کی اور ایمنسٹی کی حالیہ رپورٹ کے بارے میں اپنے شدیدتحفظات کااظہار کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی حالیہ رپورٹ میں ایم کیوایم کوجس طرح مختلف واقعات میں ملوث کیا ہے وہ ایم کیوایم کی کردار کشی ہے، ایمنسٹی نے اپنی اس متعصبانہ اور جانبدارانہ رپورٹ کے ذریعے ایم کیوایم کو پاکستان کے عوام اور دنیا بھر میں بدنام کرنے اوراس کاامیج خراب کرنے کی کوشش کی ہے، ہم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی اس رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں، رکن رابطہ کمیٹی طارق جاوید نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایمنسٹی کی اس رپورٹ میں سپریم کورٹ کے فیصلوں کو بھی غلط طور پر پیش کرکے حقائق کو مسخ کیا گیا ہے۔