اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے کالا دھن سفید کرنے کی اجازت دینے کیلیے اعلان کردہ ایمنسٹی اسکیم کے تحت اب تک مجموعی طور پر 380 ارب روپے سے زائد مالیت کا ملکی و غیر ملکی کالادھن سفید کرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایف بی آرکے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے سابق حکومت کی اعلان کردہ ایمنسٹی اسکیم میں کسی قسم کی مداخلت نہ کرنے کی آبزرویشن کے بعدملکی وغیرملکی کالا دھن سفیدکرانے کے رجحان میں بہت زیادہ تیزی آئی ہے اور صرف گزشتہ چند روز میں ڈھائی سو ارب روپے سے زائدکا کالا دھن سفیدکرایا گیا ہے جبکہ435 ارب روپے سے زائدکا کالادھن سفیدکرانے کیلیے پیمنٹ سلپ آئی ڈیز(پی ایس آئی ڈیز) جاری ہوچکی ہیں اور اگلے چند روز میں یہ کالا دھن بھی سفید ہوجائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ کالادھن سفیدکرانے سے ملک میں بلیک اکانومی کے حجم میںکمی واقع ہوگی اوردستاویزی معیشت کو فروغ ملے گا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آرکو توقع ہے کہ اس ایمنسٹی اسکیم سے مجموعی طور پر100ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوگا۔
واضح رہے کہ اب تک ایف بی آرکو ٹیکس کی مد میں 4 ارب روپے سے زائد ملے ہیں۔ اگلے چند روز میں مزید 435ارب روپے کا کالادھن سفید ہونے سے 5 ارب روپے کاریونیو متوقع ہے۔نجی شعبہ سے وابستہ ملک کی بہت بڑی شخصیت کی جانب سے پندرہ ارب روپے کے لگ بھگ مالیت کا کالا دھن سفیدکرایا گیا ہے۔