ایمی میں ’گیم آف تھرونز‘ کے لیے 23 نامزدگیاں

 Game of Thrones

Game of Thrones

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی ٹی وی چینل ایچ بی او پر نشر کی جانے والی مقبول ڈرامہ سیریز ’گیم آف تھرونز‘ کو ایمی ایوارڈز میں 23 نامزدگیاں ملی ہیں۔

نامزدگیوں کے معاملے میں یہ سیریز سب سے آگے رہی جبکہ دوسرے نمبر پر ’دی پیپل ورسز او جے سمپسن‘ نامی سیریز رہی جسے 22 شعبوں میں ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

گیم آف تھرونز نے گذشتہ برس کے ایمی ایوارڈز میں 12 ایوارڈ جیتے تھے جو ایک ریکارڈ ہے۔
گیم آف تھرونز کو ملنے والی نامزدگیوں میں بہترین معاون اداکار اور اداکارہ اور بہترین مصنف کے انعام بھی شامل ہیں۔

2015 میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتنے والی پہلی سیاہ فام خاتون ویولا ڈیوس اس مرتبہ بھی اپنے اسی ڈرامے ’ہاؤ ٹو گیٹ اوے ود مرڈر‘ کے لیے اسی زمرے میں نامزد ہوئی ہیں۔ ’
ان کا مقابلہ ’دی پیپل ورسز او جے سمپسن‘ کی مرکزی کردار کورٹنی وینس سے ہے۔

بہترین اداکار کے زمرے میں اسی ڈرامے سے کیوبا گڈنگ جونیئر نامزد ہوئے ہیں جنھیں ادریس ایلبا، بینیڈکٹ کمبر بیچ اور ٹام ہڈلسٹن کا سامنا ہے جنھیں بالترتیب لوتھر، شرلاک اور نائٹ مینیجر میں اپنے کرداروں کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

اداکار کیون سپیسی اور اداکارہ رابن رائٹ نیٹ فلکس کے مشہور امریکی ڈرامہ سیریز ہاؤس آف کارڈز میں اپنے کام کے لیے نامزد ہوئے ہیں۔

پانچ مرتبہ بہترین کامیڈی کا ایوارڈ جیتنے والا ڈرامہ ماڈرن فیملی ایک مرتبہ پھر اس زمرے میں نامزد ہوا ہے۔

ایمی ایوارڈز کی تقریب 18 ستمبر میں امریکی شہر لاس اینجلس میں ہو گی۔