تجزیہ کار دکان چمکانے کیلئے آرمی چیف کے بیان کو غلط رنگ دے رہے ہیں، رانا ثنا اللہ

 Rana Sana Ullah

Rana Sana Ullah

لاہور (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے اداروں کے وقار کے حوالے سے جو بات کی ہے وہ ٹھیک ہے۔ کچھ تجزیہ کار اپنی دکان چمکانے کے لیے اس کا غلط مطلب نکال رہے ہیں۔

وزیر قانون و بلدیات پنجاب رانا ثناءاللہ نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوری عمل آگے بڑھ رہا ہے۔ فوج اور حکومت کے درمیان خلیج والی بات غلط اور بے بنیاد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فوج کے سربراہ نے جو بات کی وہ جائز ہے اس کا غلط مطلب نہیں نکالنا چاہئے۔انھوں نے واضح کیا کہ فوج کا کام سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے۔ سابق صدر مشرف کے وکلاء نے غداری کیس کو احمقانہ طریقے سے فوج کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سبزی منڈی بم دھماکے کی ابتدائی رپورٹ ایک دو روز میں مل جائے گی۔

طالبان کی مذمت کے بعد اس واقعے میں ملوث افراد کے بارے وزیر داخلہ عوام کو آگاہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک جھوٹ بولنے کے ساتھ ساتھ کرپشن بھی کرتے رہے ہیں۔ ایک ارب کی ادائیگی کر کے چار سیکنرز کا آرڈر دیا تھا۔ تاحال پاکستان صرف دو سکینرز ہی پہنچ سکے ہیں اور دونوں ہی خراب ہیں۔