لاہور (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہ نما اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کیسابق صدرقاسم ضیاء کی بیٹی کی گاڑی کی ٹکر سے ایلیٹ فورس کا اہلکار زخمی ہو گیا، پولیس نے انعم ضیاء کو حراست میں لے کرمقدمہ درج کر لیا ہے۔
ملزمہ کے زیر استعمال گاڑی پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ملکیت تھی۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدرقاسم ضیاء کی بیٹی انعم ضیاء نے میڈیا کو بتایا کہ وہ سہیلی کے گھر جا رہی تھیں، ماڈل ٹاوٴن میں وزیراعلیٰ ہاوٴس کے سامنے گاڑی ریورس کرتے ہوئے کانسٹیبل کو نہ دیکھ سکیں اور گاڑی کی زد میں آ کر کانسٹیبل زخمی ہو گیا۔
انعم ضیاء کے مطابق انہوں نے ڈرائیونگ لائسنس پولیس کو دے دیا ہے اور قانونی چارہ جوئی کے وکیل سے رابطہ کر رہی ہیں۔ دوسری جانب ایس پی ماڈل ٹاوٴن طارق عزیز سندھو کے مطابق انعم ضیاء کی گاڑی کی رفتار تیز تھی، ان کے خلاف 279 اور 427 کی دفعات کے تحت پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ زخمی کانسٹیبل اشفاق حیدری ماڈل ٹاوٴن کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہے، جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ قاسم ضیاء بھی بیٹی کی مدد کیلئے ماڈل ٹاوٴن تھانا پہنچ گئے۔