لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو، جنرل سیکرٹری تنویر اشرف کائرہ، راجہ عامر، پی پی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی، شعبہ خواتین لاہور ڈویژن کی صدر بیلم حسنین، رانا اشعر نثار، عابد صدیقی، افنان بٹ، حافظ اخلاق اور دیگر نے انار کلی پلازے میں گزشتہ شب ہونے والی آتشزدگی میں 13 افراد کی ہلاکت کے واقعے پر اپنے الگ الگ بیان میں شدید اظہار افسوس کرتے ہوئے اسے حکومت کی نا اہلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انار کلی اور گردو نواح کے بازاروں میں ایسے پلازے موجود ہیں
جن کے نقشے غیر قانونی طریقے سے پاس کئے گئے ہیں، ہونا تو یہ چاہئے کہ پنجاب حکومت فوری طور پر غیر قانونی پلازوں اور بلڈنگز کیخلاف انتظامیہ کو حرکت میں لائے مگر حقیقت میں ایسا ہوتا نظر نہیں آتا کیونکہ اصل خرابی کی جڑ ہمارے ترقیاتی اداروں میں بیٹھے وہ افراد ہیں جو ایسے غیر قانونی پلازوں کے نقشے چند سکوں کے عوض پاس کر دیتے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب ایسی کالی بھیڑوں کو قانون کی گرفت میں لائیں۔