محققین نے اینڈرائیڈ صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ لاک پیٹرن کے استعمال سے اپنے سمارٹ فونز کی حفاظت کرنا چھوڑ دیں۔ تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ سمارٹ فونز کی بڑی تعداد فون لاک کھولنے کی پانچ کوششوں کے اندر کریک ہو سکتی ہے۔
فون میں دیئے گئے سکیورٹی اقدام صارف سے اپنا فون مخصوص پیٹرن کے تحت کھلواتے ہیں۔ صارفین پیٹرن کے تحت ایک وقت میں صرف 5 دفعہ ہی لاک کھولنے کی کوشش کر سکتے ہیں ،پیٹرن کا درست اندراج نہ ہونے کی صورت میں فون خود کو لاک کر لیتا ہے۔
لین کاسٹر یونیورسٹی ، یونیورسٹی آف باتھ اور چین کی نارتھ ویسٹ یونیورسٹی کے محققین نے 120 منفرد پیٹرن میں سے 95فیصد لاک 5کوششوں سے کم میں ویڈیو ریکارڈنگ اور سافٹ ویئر کے استعمال کی مدد سے کریک کرنے کا دعویٰ کیاہے۔
محققین کی ٹیم کے مطابق مجرموں کو لاک توڑنے کیلئے آپ کے موبائل کی سکرین دیکھنے کی ضرورت نہیں اس کے بجائے انہیں صرف آپ سے 2.5میٹر کے فاصلے پر بیٹھ کر ہوشیاری سے آپ کے فون ان لاک کرنے کی ویڈیو بنا نے کی ضرورت ہے پھر وہ فوٹیج فنگر موومنٹ، ٹریکنگ سافٹ ویئر میں ڈال سکتے ہیں جو فوراً ممکنہ پیٹرنز کو سامنے لے آئیگا۔
محققین کا مزید یہ کہنا تھا کہ پیچیدہ پیٹرن کو بُوجھنا آسان ہوتا ہے کیونکہ ان کی فنگر ٹریکنگ کے ممکنہ پیٹرن محدود ہوجاتے ہیں۔