اے این ایف کی مختلف شہروں میں کاروائیاں،ہیروئن وچرس برآمد

Drugs

Drugs

اسلام آباد (جیوڈیسک) اے این ایف نے 6 کارروائیوں میں 37.5 کلوگرام ہیروئن، 4000 نشہ آور گولیاں اور 14.5 کلوگرام چرس بر آمدکر لی۔ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیااور 2 گاڑیاں ضبط کرلی گئیں۔

اے این ایف نے منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران راولپنڈی، لاہو ر، پشاور اور کراچی کے علاقوں میں6مختلف کاروائیوں کے دوران 37.5 کلوگرام ہیروئن، 4000 نشہ آور گولیاں اور 14.5 کلوگرام چرس بر آمدکر لی، جبکہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی 2 گاڑیاں قبضے میں لے لیں۔

برآمد شدہ ہیروئن کی زیادہ تر مقدار بیرون ملک اسمگل کی جا رہی تھی۔ جو عالمی منڈی میںمالیت تقریباًساڑھے 7کروڑ روپے بنتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، اے این ایف راولپنڈی نے ایک اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے کوہ نور ملز بس سٹاپ، جی ٹی روڈ، راولپنڈی پر ایک سوزوکی پریمیو کارکو قبضے میں لے کر اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 10کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی اور پشاور کے رہائشی عرفان اللہ اور رومان درانی نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

دوسری جانب اے این ایف لاہور ائیر پورٹ ٹیم نے ائیرکارگو آفس، علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ، لاہور سے برطانیہ جانے والی ایک شپمنٹ کو قبضے میں لے کر اس میں موجود گارمنٹس کے کارٹن میں چھپائی گئی 6.5کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔ ابتدائی تفتیش کے بعد عزیر خورشید اور امان اللہ نامی لاہور کے رہائشی 2ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ادھر اے این ایف لاہور روڈ چیک ٹیم نے شیر شاہ ٹول پلازہ، ملتان کے قریب ایک ہینو ٹرک کی تلاشی کے دوران اس کے مصنوعی چھت میں چھپائی گئی 11.7 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ گاڑی میں موجود حبیب اللہ نامی شخص کو بھی موقع سے گرفتار کر لیاگیا۔

اس طرح اے این ایف پشاور نے موٹر وے ٹول پلازہ، پشاور کے قریب سے میری خیل نامی خیبر ایجنسی کے رہائشی ملزم کو حراست میں لیا جبکہ وہ پشاور سے راولپنڈی جانے والی ایک مسافر گاڑی میں سوار تھا اور اس کے ذاتی قبضے سے 2.8کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

ایک اور واقعے میں اے این ایف کراچی ائیر پورٹ ٹیم نے جناح انٹر نیشنل ائیر پورٹ، کراچی پر شبیر حسین نامی کراچی کے رہائشی شبیر حسین نامی کراچی کے رہائشی ملزم کو حراست میں لےااور اس کے سامان کی تلاشی کے دوران اس میں موجود تھرماس میں چھپائی گئی 4000 نشہ آور گولیاں (وزنی 1.17کلوگرام)رآمد کر لی۔ ملزم ائیر عریبیہ کی فلائیٹ نمبر G9-548 سے شارجہ روانہ ہو رہا تھا۔

ادھر اے این ایف کراچی بندر گاہ ٹیم نے اطلاعات پر مبنی کاروائی کے دوران سری لنکا روانہ کئے جانے والے کنٹینر کو تحویل میں لے کر اس میں روانہ کی جانے والی مہندی کی پیٹیوں سے 21 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں، مزید تفتیش جاری ہے۔