برلن (جیوڈیسک) امریکی میگزین فوربز کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں جرمن چانسلر اینجلا مرکل ایک بار پھر سرفہرست ہیں اور سابق امریکی وزیر خارجہ اور صدارتی امیدوارہیلری کلنٹن دوسرے جب کہ امریکا کے فیڈرل ریزرو کی سربراہ جینٹ ییلن تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
امریکی میگزین فوربز نے دنیا کی 100 بااثر خواتین کی فہرست جاری کردی ہے جس میں جرمن چانسلر اینجلا مرکل ایک بار پھر سرفہرست ہیں جب کہ سابق امریکی وزیر خارجہ صدارتی امیدوارہیلری کلنٹن دوسرے اور امریکا کے فیڈرل ریزرو کی سربراہ جینٹ ییلن تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
فوربز میگزین کا یہ تیرہواں ایڈیشن ہے جس میں 11 مرتبہ جرمن چانسلر سب سے با اثر خواتین کی لسٹ میں شامل ہوئیں جب کہ وہ گزشتہ 6 سال سےدنیا کی با اثر ترین خواتین کی فہرست میں پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ فوربز کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں چوتھے نمبر پر بل گیٹس کی اہلیہ ملنڈا گیٹس ہیں اور پانچویں نمبر پر جنرل موٹرز کی سی ای او میری بارا ہیں جب کہ اس سال آئی ایم ایف کی صدرکرسٹائن لیگارڈ کا چھٹا نمبر ہے۔
فوربز میگزین کے مطابق اس فہرست میں امریکی ٹی وی سلیبرٹی اوپرا وینفرے بارہویں، بھارتی اسٹیٹ بینک کی ایم ڈی ارودتی بھٹہ چاریہ پچیس ویں، برما کی جمہوریت پسند نوبل انعام یافتہ لیڈر آن سان سوچی چھبیس ویں اور برطانوی ملکہ الزبتھ انتیس ویں نمبر پر ہیں جب کہ بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد چھتیس واں نمبر ہے۔