لندن (جیوڈیسک) ہالی وڈ کی نامور اداکارہ انجیلینا جولی نے شادی کے دو سال بعد اپنے شوہر بریڈ پٹ سے طلاق لینے کے لیے عدالت میں درخواست جمع کرا دی ہے۔
انجیلینا جولی نے پیر کے روز لاس اینجیلس سپرئیر کورٹ میں ناقابلِ مصالحت اختلافات کے حوالے سے درخواست دائر کی ہے۔
انجیلینا کے وکیل رابرٹ آفر نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ خاندان کی صحت کی خاطر کیا گیا ہے۔ انجیلینا جولی اس معاملے پر تبصرہ نہیں کریں گی۔ اداکارہ کے وکیل نے درخواست کی کہ اس موقع پر خاندان کو تنہا رہنے دیا جانا چاہیئے۔
تنسیخ شادی کے عدالتی کاغذات سے ظاہر ہوتا ہے کہ انجیلینا جولی نے اپنے چھ بچوں کی مکمل جسمانی تحویل کی درخواست کی ہے اور جج سے بریڈ پٹ کو صرف بچوں سے ملاقات کا حق دینے کے لیے پوچھا ہے جبکہ ان کی جانب سے بچوں کی مشترکہ قانونی نگرانی کی درخواست نہیں کی گئی ہے۔
قانونی کاغذات کے مطابق، انجیلینا جولی نے بریڈ پٹ کی طرف سے ازدواجی مدد نہیں مانگی ہے۔ جولی نے کاغذات پر ان کی علحیدگی کی تاریخ 15 ستمبر درج کی ہے۔
بریڈ پٹ نے اس حوالے سے پیپلز میگزین کو بتایا کہ مجھے اس بات کا بہت دکھ ہے۔ لیکن اب ہمارے سامنے ہمارے بچوں کی فلاح و بہبود کا معاملہ زیادہ اہم ہے اور میں پریس سے معدبانہ گزارش کروں گا کہ اس مشکل وقت میں ان کی خلوت کا خیال کیا جائے۔
وکیل رابرٹ آفر کا کہنا تھا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے کی وجہ کوئی تیسرا شخص نہیں ہے اور یہ فیصلہ سراسر بریڈ پٹ کے ساتھ بچوں کی بات چیت کو ختم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
ہالی وڈ کے اس جوڑے کو ان کی خوبصورتی، دلفریب ادکاری اور کامیاب فلموں کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے جبکہ ہالی وڈ میں ان کی ایک پہچان ‘برنجیلینا’ کے نام سے بھی ہے۔
بریڈ پٹ کی اداکارہ جینیفر اینسٹن کے ساتھ طویل شادی ٹوٹنے کے بعد انجیلینا جولی اور بریڈ پٹ کی زندگی میں آئیں اور اگست 2014 میں نو سال طویل رومانوی تعلقات میں رہنے کے بعد دونوں نے شادی کر لی تھی جبکہ حال ہی میں ان کی شادی میں دراڑیں پڑنے کی خبریں منظر عام پر آئی تھیں جنھیں بریڈ پٹ نے مسترد کر دیا تھا۔
انجیلینا اور بریڈ پٹ چھ بچوں میڈوکس، پیکس، زاہیرے، ویویانے اور جڑواں بچوں شیلوہ اور ناکس کے والدین ہیں ان میں بیٹوں میڈوکس، پیکس اور بیٹی زاہیرے کو انھوں کمبوڈیا، ویت نام اور ایتھوپیا سے گود لیا ہے جبکہ ویویانے، شیلوہ اور ناکس ان کے اپنے بچے ہیں۔
یہ باون سالہ بریڈ پٹ کی دوسری طلاق اور انجیلینا جولی کی تیسری طلاق ہے۔ بریڈ پٹ نے 2003ء مشہور اداکارہ جینیفر اینسٹین سے شادی کی تھی۔
اکتالیس سالہ انجیلینا جولی ماضی کےآسکر ایوارڈ یافتہ اداکار جون ووئیٹ کی بیٹی ہیں انھوں نے بریڈ پٹ سے پہلے اداکاری جونی لی ملر اور بلی باب تھرونٹن کے ساتھ شادی کی تھی۔
انجیلینا جولی نے 2000ء میں بہترین معاون اداکارہ کے لیےآسکر ایوارڈ جیتا تھا۔ وہ 2005ء میں اداکار بریڈ پٹ کے ساتھ پہلی بار فلم مسٹر اینڈ مسز اسمتھ میں جلوہ گر ہوئی تھیں۔