بلوچستان (جیوڈیسک) قائم مقام اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیرعلی گورچانی نے کہا ہے کہ ناراض بلوچ ہتھیار اٹھانے سے گریز کریں۔ یہ وقت زلزلہ زدگان کی مدد کرنے کا ہے۔ حکومت پنجاب مشکل کی اس گھڑی میں زلزلہ زدگان کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ سردار شیرعلی گورچانی نے حب کے لیڈا ریسٹ ہاوس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت اور پنجاب کا ہر شخص بلوچستان کے زلزلے زدگان کیساتھ ہے۔ بلوچ بھائی اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔
ناراض بلوچ رہنماوں سے مذاکرات کے لئے ہروقت تیار ہیں، مگر یہ وقت بلوچوں کی مدد کرنے کا ہے لہذا وہ بھی ہتھیار اٹھانے سے گریز کرکے بات چیت کریں۔ شیر علی گورچانی کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر زلزلہ زدگان کے لئے امدادی سامان اور راشن کے تیس ٹرک بھیجے جا چکے ہیں اور بیس ٹرک کل تک روانہ ہو جائیں گے۔ حکومت پنجاب آواران میں امدادی کارروائیوں کے ساتھ اسی کروڑ روپے کی لاگت سے جدید اسپتال بھی تعمیر کرائے گی۔