کراچی (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے قومی ایکشن پلان کے نکات کے مطابق بلوچستان میں قیام امن اور ناراض بلوچ رہنماؤں سے مذاکرات کیلیے پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمیٹی کا سربراہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کو بنائے جانے کا امکان ہے، کمیٹی میں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک، سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بلوچستان کی جماعتوں کو نمائندگی دی جائے گی اس سلسلے میں وزیراعظم جلد پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مسائل کے حل کیلیے وفاقی حکومت عسکری قیادت، پارلیمانی جماعتوں اور بلوچستان حکومت کے ساتھ ملکر جامع حکمت عملی کاتعین کرے گی، کمیٹی کے قیام کے بعد ابتدائی طور پر رابطے شروع کیے جائیں گے اور یہ رابطے وزیر اعلیٰ بلوچستان کریں گے۔
ناراض رہنماؤں سے رابطوں کے بعد ابتدائی نکات سامنے آنے ،کمیٹی کی رپورٹ اور سفارشات کے بعد وزیراعظم بلوچستان کے مسائل کرنے کیلیے حتمی پالیسی کی منظوری دیں گے۔