کراچی : انجمن طلبہ اسلام کے بانی اور جمعیت علماء پاکستان کی سپریم کونسل کے چیئرمین علامہ مفتی جمیل احمد نعیمی ضیائی نے کہا ہے کہ میلاد مصطفی منانے کی اصل تحفظ ناموس رسالتۖ ہے، وہ عشق کمزور ہوگا جو نیاز و لنگر اور میلاد تک محدود رہے اور جب حضور علیہ السلام کی ناموس کا مسئلہ ہو تو مصلحت اختیار کرتے ہوئے چپ رہے اور اپنی ذات کے آرام کو حضور علیہ السلام کی ناموس پر ترجیح دے۔
ایسے لوگوں کے لئے نہ دنیا میں کوئی فائدہ ہے اور نہ آخرت میں، انجمن طلبہ اسلام عشق رسولۖ کے فروغ کی عالمگیر جماعت ہے، انجمن کا مقصد گھر سے مکتب، مکتب سے معاشرہ اور معاشرے سے نظام حکومت تک نظام مصطفیۖ کا نفاذ ہے، انجمن طلبہ اسلام کی صوبائی کابنینہ کے ذمہ داران سے ملاقات میں انجمن طلبہ اسلام کے بانی اور جمعیت علماء پاکستان کی سپریم کونسل کے چیئرمین علامہ مفتی جمیل احمد نعیمی ضیائی نے کہا کہ انجمن طلبہ اسلام کا سنہری دور قائد اہل سنت امام شاہ احمد نورانی صدیقی کی فکر میں پوشیدہ ہے۔
بحیثیت بانی انجمن طلبہ اسلام میری دیرینہ خواہش ہے کہ طلبہ انجمن سے فراغت کے بعد صرف اور صرف جمعیت علماء پاکستان میں شمولیت اختیار کریںاور نظام مصطفیۖ کے نفاذ اور مقام مصطفیۖ کے تحفظ کے لئے عملی جدوجہد کریں، 31جنوری کے دن آرام باغ پارک میں عظیم الشان میلاد مصطفیۖ طلبہ کنونشن طلبہ کی بصیرت کو اجاگر کرے گا۔
شعور اور آگہی کی جنگ میں میرے فرزندان انجمن اپنی مثال آپ بن کر ابھریں گے، اس موقع پر انجمن طلبہ اسلام صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری نبیل مصطفائی نے کہا کہ کراچی سے گھوٹکی اور ڈہرکی تک صوبہ سندھ کے تمام 26اضلاع میں میلاد مصطفیۖ طلبہ کنونشن کی تیاریاں شروع ہو چکی ہے، 31 جنوری کے دن کراچی کے آرام باغ میں تمام اضلاع سے قافلوں کی صورت میں طلبہ شریک ہونگے۔
انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری بابر مصطفائی نے کہا کہ میلاد مصطفیۖ طلبہ کنونشن اپنی طرز کا سب سے مختلف طلبہ کنونشن منعقد ہوگا، اس کنونشن میں طلبہ کی فکری اور نظریاتی تربیت کے لئے سماجی، سیاسی، مذہبی، تعلیمی، اور دیگر شعبہ ہائے زندگی کے بہترین افراد تربیت کے لئے مدعو ہیں۔