میں نے کبھی بھی انجمن طلبہ اسلام کو ضم کرنے کی بات نہیں کی تھی، مفتی جمیل احمد نعیمی

Anjuman Talba Islam

Anjuman Talba Islam

کراچی: جمعیت علماء پاکستان کی سپریم کونسل کے چیئرمین وانجمن طلبہ اسلام پاکستان کے بانی رہبر انقلاب علامہ مفتی جمیل احمد نعیمی نے انجمن طلبہ اسلام کی نو منتخب قیادت کو اپنا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ انجمن طلبہ اسلام کو ملک کے ہر شاخ، ہر ضلع، ہر ڈویژن اور تمام صوبوں میں یکساں فعال کیا جائے، مرکزی کابینہ و صوبائی کابینہ سال میں دو دورے ضرور کرے، اس بات کی فکر نہ کی جائے کون کیا کہتا ہے۔

امام انقلاب امام شاہ احمد نورانی صدیقی علیہ رحمہ کے مشن کے لئے ہمیں قربانیاں دینی ہونگی اور مشکلوں کا سامنا کرنا ہوگا، اس وقت پورے میں ملک انجمن طلبہ اسلام کے دیگر تمام گرہوں اپنی پستی کی طرف گامزن ہیں اور صرف وہی انجمن طلبہ اسلام چٹان کی طرح حالات کا مقابلہ کر رہی ہے جس کا تعلق جمعیت علماء پاکستان سے ہے، انجمن طلبہ اسلام کے ڈویژن، صوبے اور مرکز کے ذمہ داران ماہانہ بنیادوں پر جمعیت علماء پاکستان کے ڈیژن، صوبے اور مرکز کی قیادتوں سے ملاقات کو اپنی ماہانہ عادت بنائیں اور پورے ملک میں اکابرین جمعیت علماء پاکستان کے شانہ بشانہ نظام مصطفیۖ کے نفاذ کے لئے عملی جدوجہد کریں۔

جو طلبہ ابھی ذمہ داریوں پر ہیں وہ تعلیم سے اپنا رشتہ مضبوط کریں اور جو طلبہ انجمن سے فارغ ہو چکے ہیں وہ ترجیح بنیادوں پر جمعیت علماء پاکستان کے رکن اور خادم بنیں، انجمن طلبہ اسلام کی نو منتخب مرکزی قیادت کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے رہبر انقلاب بانی انجمن علامہ مفتی جمیل احمد نعیمی نے کہا کہ مجھے پہلے بھی اس منتخب قیادت پر مکمل اعتماد تھا اور اب بھی ہے، انجمن طلبہ اسلام پر طاری گزشتہ بارہ برس کے اندھیرے کو اس نئی قیادت نے اجالے میں تبدیل کرنا ہے، میں نے کبھی بھی انجمن طلبہ اسلام کو ضم کرنے کی بات نہیں کی تھی۔

دارالعلوم امجدیہ میں میں نے مشروط بات کی تھی، مگر بعض بدبخت لوگوں نے اس میرے قول کو غلط استعمال کیا، جب اتحاد اہل سنت ہی نہ ہوا تو اے ٹی آئی بھی ختم نہیں ہوئی، امام رضا و امام نورانی کے افکار کی ضامن انجمن طلبہ اسلام میری رہنمائی میں آگے بڑھتی رہے گی، نئی قیادت کو پہلے ہی مبارک بادسے نواز دیا تھا، اب نئی منتخب کابینہ خود کو ثابت کرے۔ بہت وقت ضائع کیا گیا جس کا رنج اور افسوس ہے، انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی اعلامیہ کے مطابق مرکزی دفتر رضا لائبریری میں اراکین کے اجلاس میں ملتان میں منتخب ہونے والی قیادت کی بھاری اکثریت سے توسیع کی گئی اور بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا، الیکشن کمیٹی کے چئیرمین سابق مرکزی صدر انجمن طلبہ اسلام پیر فضل رسول شاہ صاحب نے نتائج کا اعلان کیا۔

الیکشن کمیٹی پیر فضل رسول شاہ، شہزاد چشتی، محمد نوید، ریاض نوری پر مشتمل تھی، اس موقع پر نو منتخب صدر انجمن محمد زبیر ہزاروی نے بھی خطاب کیا انہوں نے کہا کہ اے ٹی آئی امام انقلاب امام شاہ احمد نورانی صدیقی کے مشن نظام مصطفیۖ پر وابستہ ہے، ہمیں دنیا کی کوئی طاقت اور خوف و دہشت کی کوئی سازش ہمیں صراط مستقیم و منزل مقصود سے دور نہیں کرسکتی ہے، بانی انجمن مفتی جمیل احمد نعیمی کا قافلہ ہر سو بڑھتا جائے گا، اس موقع پرگزشتہ بار ہ سال کی سب سے بڑی تعداد میں اراکین نے صوبہ سندھ، صوبہ پنجاب، صوبہ بلوچستان، صوبہ خیبر پختونخواہ، اور کشمیر سے بھرپور تعداد میں حق رائے دہی استعمال کیا۔