کراچی: انجمن طلبہ اسلام کراچی کے ناظم سیف الاسلام نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں رینجرز کی جانب سے پکڑے گئے بھتے کے ملزم کو انجمن طلبہ اسلام سے منسلک کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، انجمن طلبہ اسلام عشق نبی کے فروغ اور نظام مصطفی کے کے نفاذ کی پیروکار ہے۔
انجمن کا ہر طالبعلم مصطفائی ہے، بانی انجمن علامہ جمیل احمد نعیمی سے وابستہ انجمن طلبہ اسلام اپنی تاریخ سے لے کر آج تک کبھی بھی کسی غیر قانونی فعل میں ملوث نہیں رہی، بلکہ انجمن کے قافلے میں شامل ہر طالبعلم معاشرے کا بہترین فرد ہوتا ہے، انجمن طلبہ اسلام جمعیت علماء پاکستان کی طلبہ جماعت ہے، امام انقلاب امام شاہ احمد نورانی صدیقی کے تربیت یافتہ لوگ اس ملک کا سب سے زیادہ پر امن طبقہ ہیں۔
ہمارے اکابرین نے اس ملک کو حاصل کرنے لئے اور حاصل کرنے بعد اس ملک کو جمہوری راستوں پر استوار کرنے کے لئے ان گنت قربانیاں دی ہیں، انجمن کے طلبہ اعلیٰ حضرت کے مسلک کے امین، علامہ فضل حق خیر آبادی کی نشانی، پیر مہر علی شاہ کے مستانے، غزالی زماں علامہ احمد سعید شاہ کاظمی کے علم و عرفان کے طالب، امام انقلاب امام شاہ احمد نورانی صدیقی کی للکار اور مجاہد ملت مولانا عبدالستار خان نیازی کا اٹل ارادہ ہیں۔
ہمارے طلبہ بھتہ تو درکنار کسی گالی گلوچ اور فتنے کا حصہ بھی نہیں ہوتے ہیں، انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے ماہانہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری کراچی بابرمصطفائی نے کہا کہ اگر کسی کو کسی الزام کے تحت پکڑا گیا ہے تو تفتیش کے بعد ثبوت منظر عام پر لائے جائیں اور جرم ثابت ہونے پر قرار واقع سزا د ی جائے، انجمن طلبہ اسلام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہے، اس موقع پر ولید رضا، بلال رضا اور دیگر ڈویژنل اراکین نے بھرپور شرکت کی جاری کردہ۔