کراچی : انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے نو منتخب مرکزی صدرصاحبزادہ محمد زبیر ہزاروی نے کہا ہے کہ انجمن طلبہ اسلام پاکستان کی دوسری قدیم ترین طلبہ جماعت ہے، انجمن طلبہ اسلام مفکر اسلام علامہ مفتی جمیل احمد نعیمی کا لگایا ہوا پودہ ہے جوتناور درخت بن چکا ہے، اور اس کی شاخیں ملک بھر کے ہر گوشے میں پھیل چکی ہیں، انجمن طلبہ اسلام نے تحریک نظام مصطفیۖ، تحریک ختم نبوتۖ، تحریک ناموس رسالتۖ، بنگلادیش نہ منظور تحریک،حسبہ بل مخالف تحریک، اور ملک پر قابض ہونے والے ڈکٹیٹر جنرل یحیی، جنرل اسلم بیگ، جنرل ضیاء ، جنرل مشرف سمیت دیگر ڈکٹیٹر کے خلاف ایک مسلسل اور مستقل جدوجہد کا حصہ رہی ۔
انجمن طلبہ اسلام طلبہ یونین کے دور میں ہر سال پاکستان کے تمام اسکول، کالج اور جامعات میں تعلیمی اداروں کی فاتح طلبہ جماعت تھی، انجمن طلبہ اسلام واحد طلبہ جماعت ہے جس نے لارڈ میکالے کے تعلیمی نظام کے خلاف ملک گیر تحریک جاری رکھی، کورس کی کتابوں میں نازیبہ اور گستاخانہ مواد کے خلاف بھی انجمن طلبہ اسلام کا کردار واضح رہا، انجمن طلبہ اسلام نے فلسطین، کشمیر، عراق، افغانستان، چیچنیا، بوسنیا ہرزہ گوینا، لیبیا، لبنان، اور دیگر اسلامی ممالک میں امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف منظم احتجاج اور کاوشیں جاری رکھیں، کشمیر میں لشکر ابابیل کے نام سے باقائدہ لشکرکشی کی ، عراق جنگ میں امام انقلاب امام شاہ احمد نورانی صدیقی کے ہاتھوں پر جہاد کی بیعت کی، ملتان میں ہونے والے سالانہ انتخابات کے نتائج کے بعد منتخب ہونے مرکزی صدر صاحبزادہ محمد زبیر ہزاروی نے کراچی آمد کے بعد جے یو پی کے رہنما سید آغا گل قادری کی جانب سے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کامستقبل اس قوم کے طلبہ ہیں اور عشق نبیۖ سے سرشار طلبہ پاکستان میں نظام مصطفیۖ کانفاذ، مقام مصطفیۖ کا تحفظ اور ختم نبوتۖ کادفاع کر کے ملک پاک کو اغیار کے شکنجے سے باہر نکالیں گے۔ہم اپنے دور میں تعلیمی انقلاب برپا کرینگے اور لارڈ میکالے کے تعلیمی نظام کو ختم کرینگے،میڈیا انچارج سیف الاسلام کے مطابق مرکزی صدر محمد زبیر ہزاروی (کراچی)، مرکزی سیکرٹری جنرل عثمان محی الدین نورانی (لاہور)، مرکزی سینئر نائب صدر رمضان دانش(کراچی)، صوبہ سندھ کے ناظم عبدالسلام اعوان(گھوٹکی)، صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری نبیل مصطفائی(کراچی)، سینئر نائب ناظم جنید مصطفی سراھیو(لاڑکانہ)، صوبہ پنجاب کے ناظم ضیاء الرحمن نورانی(اٹک)، جنرل سیکرٹری صوبہ پنجاب راشد رسول نورانی(راجن پور)، سینئر نائب ناظم پنجاب عدنان رضا (لاہور) منتخب ہوئے، صوبہ بلوچستان کی کنوینیر کمیٹی یعقوب قادری اور محمد ابراہیم پر مشتمل ہے، صوبہ خیبر وپختونخواہ اور آزاد کشمیر کے لئے کنونیئر کمیٹی اگلے مہینے دورے میں بنائی جائیگی۔اس استقبالئے میں جنرل سیکرٹری صوبہ سندھ نبیل مصطفائی، صوبائی عاملہ کے رکن سیف الاسلام، محمد تاج نورانی اور دیگر نے شرکت کی۔