کراچی : بانی و نگران اعلیٰ انجمن طلبہ اسلام اور چیئرمین سپریم کونسل جمعیت علماء پاکستان علامہ مفتی جمیل احمد نعیمی نے کہا ہے کہ انجمن طلبہ اسلام کے طلبہ میرے بچوں کی مانند ہیں اور میری دیرینہ خواہش ہے کہ یہ طلبہ نظام مصطفیۖ کے عملی نفاذ کے لئے آگے آئیں،انجمن طلبہ اسلام کے ماحول نے ہمیشہ ہیرے تراش کر انہیں زندگی کے بہترین اصولوں سے آراستہ کیا،تعلیمی اداروں میں کلاشنکوف کلچر کے خلاف آواز بلند کی، لارذ میکالے کے طبقاتی تعلیمی نظام کے خلاف باقائدہ مستقل تحریک چلائی، اسکول، کالجز اور جامعات میں خوف کی فضا کو ختم کیا اور طلبہ کو عشق رسولۖ کے پیغام سے ہم آہنگ کیا۔
اورآج بھی ملک بھر میں انجمن طلبہ اسلام واحد طلبہ جماعت ہے جو سیکولر، لادین اور نام نہاد روشن خیال لبرل طبقات و نظریات کی نفی کرتی ہے اور اسلام کا نام کسی مفاد کے لئے استعمال نہیں کرتی ، جدید اور قدیم کے امتزاج سے معاشرے میں کالجز اور جامعات کے طلبہ کو مدارس کے طلبہ کے قریب لاتی ہے، انجمن طلبہ اسلام کے نو منتخب مرکزی صدر صاحبزادہ محمد زبیر ہزاروی سے ملاقات میں انہوں انجمن کے طلبہ کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مجھے انجمن طلبہ اسلام کی موجودہ قیادت پر مکمل اعتماد ہے ، میری دعا اور حمایت اسی انجمن طلبہ اسلام سے منسلک ہے جو کہ جمعیت علماء پاکستان سے وابستہ ہے، وگرنہ دیگرتمام گروپ گروہ بندی کا شکار ہیں۔
انجمن طلبہ اسلام کے نو منتخب مرکزی صدر صاحبزادہ محمد زبیر ہزاروی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں چاروں صوبے بشمول آزاد کشمیر میں صوبے، ڈویژن، ضلع ، ٹائون اور علاقے سطح کی تنظیم سازی مکمل کی جائے گی، شعبان میں ملک بھر میں صوبائی قیادتوں کے ساتھ مرکزی دورہ کیا جائے گا اور ر شوال کے مہینے میںحضرت قائد اہل سنت امام شاہ احمد نورانی صدیقی علیہ رحمہ کے عرس سے ایک دن پہلے مرکزی کنونش منعقد کیا جائے گا، اس خصوصی ملاقات میں انجمن طلبہ اسلام کے صوبائی رہنما بابر مصطفائی اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔