کراچی: انجمن طلبہ اسلام صوبہ سندھ کے ناظم محمد زبیر صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا داحد ملک ہے کہ جس نے دہشت گردی کے خلاف اس عالمی جنگ میں ہر طرح کی قربانی دی ہے، اپنے فوجی جوان، اپنے گھر بار، اپنے علاقے، اپنا خاندان دیا اور اب ظالموں نے قوم کے نونہال بھی ہم سے چھین لئے، وہ کون سا مذہب ہے جو بچوں اور عورتوں پر حملہ کا حکم دیتا ہے۔
وہ کون سی شریعت ہے جو ان طالبان کو ہر گناہ عظیم کی آزادی دیتی ہے، انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کی جانب سے منعقد کردہ احتجاجی مظاہرے میں ناظم سندھ محمد زبیر صدیقی نے کہا کہپشاور میں معصوم بچوں کی شہادت نے پورے ملک کو سوگوار کردیا ہے، قوم کے طلبہ قوم کے نگہبانوں سے سوال کرتے ہیں، کون ہے مسیحا جو ان لواحقین کو صبر کی تلقین کرے، قوم کو جلد ان ناسور طالبان کی ہلاکت کا ثبوت دیا جائے، ناظم انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژنبیل مصطفائی نے کہا کہ بھارتی طالبان اور را کی اس جارحیت کا جواب دیا جائے، سقوط ڈھاکہ کے دن 43 سال پہلے ہندوستاں نے ہم سے مشرقی پاکستان الگ کیا اور اب قوم کے 150 نونہال اور استاد چھین لئے، پاکستانی فوج اور حکومت کو چاہیے کہ بہادری سے اصل مجرم کے چہرے سے نقاب ہٹا دے، طالبان کے ذریعے یہ ایک عالمی سازش رچی گئی ہے۔
انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے جوائنٹ بابر مصطفائی نے کہا کہ آج کے اس احتجاجی مظاہرے میں جامعہ کراچی، جامعہ اردو، جامعہ ہمدرد، جامعہ سرسید، جامعہ این ای ڈی اور دیگر جامعات کے علاوہ کالجز اور اسکول کے طلبہ نے بھی بھرپور شرکت کی ہے، مدارس کونسل کے نگران محمد ولید رضا اور اشتیاق احمد نے کہا کہ جامعہ انوارالقرآن، جامعہ برکاتیہ، جامعہ امام اعظم، جامعہ غوثیہ اور دیگر مدارس کے طلبہ بے بھی بھرپور شرکت کی،احتجاج کے بعد تمام طلبہ کو امن واک کے ذریعے گلشن پر لے جا یا گیا، اور وہاں شہداء اور ان کے لواحقین کے لئے دعا خیر اور فاتح خوانی کی گئی۔