کراچی (اسٹاف رپورٹر) بسلسلہ سالانہ ختم شریف شہادت حضرت امام عالی مقام سیدنا مولا حسین علیہ السلام و جملہ شہدائے کربلا کے حضور زیر اہتمام حلقہ علویہ القادریہ متبرک محفل درگاہ شاہ جیلانی گلشن اقبال منعقد ہوئی جس میں خلفاء سید اظہر علی علوی القادری ، عبدالحفیظ علوی القادری، علامہ اشرف گورمانی ، علامہ غلام غوث گولڑوی ، علامہ فیروز الدین رحمانی ، پیر مختار حسین صدیقی ، علامہ غلام مرتضیٰ مہروی ، الحاج سعید صابری ، صوفی اعجاز ، مولانا زبیر عالم، تابش نقوی ،و دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر علامہ فیصل عزیزی، علامہ حامد رضا مہروی، نے امامِ عالی مقام کی سیرتِ مبارکہ پر روشنی ڈالی اور ملک کے مشہور و معروف نعت وثناء خواں حضرات فیصل حسن نقشبندی ، خاور نقشبندی نے بارگاہِ نبوت ، ولایت و امامت میں گلہائے عقیدت پیش کئے ، اس موقع پر پنڈال کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا تھا۔
متبرک محفل میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے عقیدت مندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، بارگاہِ رسالت و امامت میں ثناء خواں حضرات محبتوں اور عقیدتوں کے پھول نچھاورکئے تو حاضرینِ محفل پر وجد کی کیفیت طاری ہوگئی اور فضاء درود و سلام کی صدائوں سے معطر ہوگئی ، بعد اختتام محفل شرکاء نے درگاہ حضرت ظہیر الحسن شاہ جیلانی چاند پوری رحمتہ اللہ علیہ پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی۔