فیصل آباد: گزشتہ روز 27ویں سالانہ محفل ذکر ونعت و سماع ”استحکام پاکستان مشائخ و بین المذاہب امن اتحاد کنونشن ”بسلسلہ جشن ولادت صدیقی لاثانی سرکار کا انعقاد لاثانی ویلفیئر کمپلیکس فیصل آباد میں انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان ،چیئرمین صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار نے کی۔ جس میں مذاہب و مسالک کے رہنمائوں ،علماء مشائخ اور لاکھوں مرد و خواتین کمیونٹی ورکرز نے بھر پور شرکت کی۔
کنونشن سے اپنے تاریخی صدارتی خطاب میں صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار نے پرامن اور خوشحال پاکستان کیلئے فرسودہ شیطانی رسومات اور کرپٹ مافیا کیخلاف جہاد کا اعلان کیا ،جس کی تائید و حمایت کا اعلان کنونشن میں تشریف لائے مذاہب و مسالک کے رہنمائوں اور لاکھوں مرد وخواتین کمیونٹی ورکرز نے کی۔آپ نے ان معاشرتی برائیوں کو پاکستان کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان ہیں اور بحیثیت ایک اسلامی ملک ہمارے دین و مذہب میں ان شیطانی رسومات جیسے ویلنٹائن ڈے ،اپریل فول بالخصوص مخلو ط نظام تعلیم اور کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ بدقسمتی سے نئی نسل کو ایک خاص ایجنڈے کے تحت ہماری حقیقی اسلامی تعلیمات سے دور کیا جارہا ہے۔ ہمارے ہیروز انبیاء کرام ،صحابہ کرام اور انکے حقیقی وارثین ہیں ۔جن کی عملی زندگیاں اور تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ تنظیم مشائخ عظام پاکستان گزشتہ تین دہائیوں سے فرسودہ غیر اسلامی رسوما ت اورکرپٹ حکمرانوں کیخلاف بیداری شعورکیلئے عوامی سطح پرجہاد میں مصروف عمل ہے۔ اور اب آج یو م تجدید عہد کا دن ہے ،ہم اور ہماری تنظیمیں پرامن اورخوشحال پاکستان کیلئے شیطانی رسومات ویلنٹائن ڈے ،اپریل فول بالخصوص مخلوط نظام تعلیم اور کرپٹ حکمرانوں کیخلاف بیداری شعورکیلئے عوامی سطح جہادناگزیرہے۔ شرکارء کنونشن نے صدیقی لاثانی سرکار کے اس مشن کے حوالہ سے اپنے بیانات میں کہا کہ امیر تنظیم مشائخ عظام صدیقی لاثانی سرکارمحسن انسانیت ہیں ،ہم ان کے جاری مشن میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر پنجاب بھر سے تشریف لائے لاکھوں کمیونٹی ورکرز نے صدیقی لاثانی سرکار کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے ان کی بھر پور تائید و حمایت کا اعلان کیا۔ کنونشن 6جولائی بروز جمعرات نماز عصر سے لیکر 7 جولائی نماز جمعہ تک جاری رہا ،جس میں شرکاء کیلئے ہمہ وقت لنگر جاری رہا ۔اور جہاں خواتین کیلئے خصوصی طور پر پردے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اختتام پر صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار نے استحکام پاکستان ،پاک افواج اور دین اسلام کی سر بلندی کیلئے خصوصی دعا کی۔