راولپنڈی (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی نے اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن کے دفتر اور تھانے کو رہائشی علاقہ سے ڈیڑھ ماہ کے اندر خالی کرنے کا نوٹس جاری کر دیا جبکہ اینٹی کرپشن راولپنڈی نے دفتر اور تھانے کی تعمیر کیلئے پانچ کنال سرکاری اراضی فراہم کرنے کیلئے حکومت پنجاب کو تحریری طور پر سفارش کر دی جو جم خانہ کلب راولپنڈی میں فراہم کرنے کیلئے درخواست کی گئی ہے۔
ذرائع نے دنیا کو بتایا ہے کہ اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن کا سرکاری دفتر اور تھانے کرایے کی عمارتوں میں گزشتہ کئی سال سے کام کر رہے ہیں جبکہ دو سال قبل ڈیڑھ لاکھ ماہانہ کرایے پرپنج سڑکی روڈپر ایک عمارت میں تھانہ اینٹی کرپشن راولپنڈی، تھانہ اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹرز اور اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن آفس قائم کیا گیا تھا رہائشی علاقہ میں ہونے کی وجہ سے کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے نوٹس جاری کئے گئے۔
دفاتر کے گرد رہائشیوں نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا اینٹی کرپشن کے ترجمان نے دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھیں تھانے اور دفتر کی عمارت خالی کرنے کیلئے نوٹس موصول ہو چکا ہے، اڈیالہ روڈ پر کرایے پر ایک اور عمارت دیکھی ہے فروری میں تھانے اور دفتر کو وہاں منتقل کر دیا جائے گا سرکاری جگہ الاٹ ہوگئی تو تھانوں اور دفتر کی تعمیر کیلئے فنڈز کیلئے حکومت پنجاب کو ایک مرتبہ پھر درخواست کی جائے گی۔