لاہور (جیوڈیسک) ڈی سی اوکیپٹن(ر) محمد عثمان نے کہاہے کہ انسداد ڈینگی مہم کو تمام ٹاؤنز میں بھر پور طریقے سے چلانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے اپنی تیاریاں شروع کردی ہیں اور متعلقہ محکموں کو تیاریوں کے حوالے سے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور عوام ڈینگی مچھر کے سر اُٹھانے سے قبل بھرپور انتظامات کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز تمام ٹاؤنز ایڈمنسٹریٹرز کو ڈینگی مہم کو بھر پور طریقے سے چلانے کے حوالے سے احکامات دیتے ہوئے کیا۔ ڈی سی او نے ٹاؤنزایڈ منسٹریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ آئی آر ایس اور فوکنگ سپرے میں استعمال ہونے والی مشینری کی رپورٹ مرتب کریں اور جو مشینری چالو حالت میں نہ ہے اس کو چالو کیا جائے۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ڈینگی مچھر اور اس کے لاروا کے خاتمہ میں استعمال کی جانے والی ادویات کے سٹاک کی رپورٹ طلب کر لی۔
علاوہ ازیں ڈی سی او نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خاتمہ کے لیے تمام ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشنز پوری طرح متحرک ہیں،گز شتہ روز شہر کے مختلف ٹاؤ نز میں کریک ڈاؤن کر کے 9 ٹرک سامان تجاوزات کو قبضہ میں لے لیا گیا۔ مزید برآں ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے مجموعی طور پر 185 آوارہ کتے تلف کر دئیے۔ دریں اثناء پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے گرانفروشی پر 98 دکانداروں کے چالان جبکہ 1,31,400 روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔ 24 افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر ائے گئے اور مجموعی طور پر 35 افراد کو گرفتار کر ایا گیا۔