راولپنڈی (جیوڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے نوجوان طبقہ میں بڑھتے ہوئے منشیات کے استعمال کی روک تھام اور شعور بیدار کرنے کیلئے نوجوان سفیر مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا، یہ سفیر سوشل میڈیا کے ذریعے ملک کے ہر شہر سے اکٹھے کیے جائیں گے جو منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجہ اور ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو سامنے لانے کیلئے بھی اقدامات کریں گے۔ سفیروں کی مددسے ضلعی سطح پر منشیات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے والی سماجی تنظیموں سے بھی رابطہ کیا جائے گا اور علاقائی سطح پر ورکشاپس، سیمینارز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کر کے منشیات کے خلاف شعور بیدار کرنے کا کام کیا جائے گا۔
پہلے مرحلہ میں اینٹی نارکوٹکس فورس شمالی پنجاب کی طرف سے سوشل میڈیا پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف حکام کا کہنا تھا کہ منشیات کا استعمال ہمارے معاشرے کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے جس کی روک تھام کیلئے فوری اور بروقت اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ جبکہ دوسری طرف معاشرہ میں کسی بھی کام کیلئے سوشل میڈیا اہمیت اختیار کرتا چلا جا رہا ہے جس کے باعث یہ اقدامات شروع کیے گئے ہیں جن کی مدد سے جہاں ملک کے قابل اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ابھارا جائے گا وہاں منشیات کے خلاف اقدامات میں بھی بہت مدد ملے گی۔