سندھ(جیوڈیسک)سندھ عام انتخابات سے قبل سندھ میں حکومت مخالف جماعتیں اکٹھا ہوگئیں۔ پیپلزپارٹی کے امیدواروں سے ون ٹو ون مقابلہ کرنے کیلئے سندھ الائنس تشکیل دیا جارہا ہے۔ جس کا پہلا اجلاس کراچی میں ہوا۔
سندھ میں نئے بلدیاتی نظام پر اختلافات کے بعد مسلم لیگ فنکشنل اور سندھی قوم پرستوں نے ایک وسیع تر سیاسی اتحاد کیلئے کوششیں شروع کردی تھیں اور اب سندھ کی دس سیاسی مذہبی اور قوم پرست جماعتیں سندھ گرینڈ الائنس بنانے پر متفق ہوچکی ہیں۔ جام مدد علی کی رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس میں تمام جماعتوں کی ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماں کا کہنا تھا کہ سندھ بھر کی نشست پر حکمران اتحادکے مقابلے میں اتحاد کا صرف ایک امیدوار مقابلہ کرے گا اور تمام جماعتیں اس کی حمایت کریں گی۔ اجلاس میں ووٹرز فہرستوں کی تصدیق پر اتحاد کرتے ہوئے اتوار کے دن ریلی نکالنے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور یہ بھی طے کرلیا گیا ہے کہ اتحاد میں شامل جماعتوں کے سربراہوں کا ااہم اجلاس عنقریب پیر پگارا کی زیر صدارت ہوگا جس میں اتحاد کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔